Thursday, April 25, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب کا کورونا کے تشخیصی ٹیسٹ کی استعداد کو روزانہ 10 ہزار تک بڑھانے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب کا کورونا کے تشخیصی ٹیسٹ کی استعداد کو روزانہ 10 ہزار تک بڑھانے کا اعلان
April 15, 2020
 لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کورونا ٹیسٹ کی استعداد کا روزانہ دس ہزار تک بڑھانے کا اعلان کر دیا۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب بہت جلد دس ہزار کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کر لے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ آٹھ نئی لیبز بنانے کا کام آخری مراحل میں ہے۔ پنجاب میں تینتالیس ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت راولپنڈی کے کمشنر آفس میں ارکان اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ راولپنڈی کے ارکان اسمبلی نے عدالت عظمٰی کی طرف سے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لئے لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ پنجاب میں دو ہزار نو سو پینتالیس میں سے پانچ سو آٹھ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ صحت یاب ہونیوالے مریضوں سے پلازمہ لیکر تشویشناک مریضوں کو لگانے کے علاج کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ سردارعثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں ایس او پیز کے مطابق کنسٹرکشن انڈسٹری اوپن کر رہے ہیں ۔ اسپتالوں، اسکولوں اور سڑکوں کی تعمیر کو پہلے مرحلے میں مشروط طور پر کھولا جائے گا۔ مقامی سطح پر لاک ڈاؤن میں نرمی یا سختی کا اختیار کمشنر کو ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا لاک ڈاؤن میں نرمی کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے، ناجائزہ فائدہ نہ اٹھایا جائے۔ رمضان میں عام آدمی کو ریلیف دینے کا طریقہ کار طے کیا جا رہا ہے۔