Sunday, May 19, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب کا چھٹی کے دن اورنج لائن میٹرو ٹرین کے روٹ کا بغیر پروٹوکول دورہ

وزیراعلیٰ پنجاب کا چھٹی کے دن اورنج لائن میٹرو ٹرین کے روٹ کا بغیر پروٹوکول دورہ
April 24, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب اورنج لائن میٹرو پر جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لینے کے لیے اچانک روٹ پر پہنچ گئے۔ شہباز شریف کہتے ہیں کہ انہیں عوامی مشکلات کا احساس ہے۔ پراجیکٹ کی تکمیل سے لوگوں کو شاندار سفری سہولیات ملیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بغیر پروٹوکول اورنج لائن میٹرو پراجیکٹ کے روٹ کا جائزہ لینے ٹھوکر نیاز بیگ  پہنچے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میٹرو ٹرین کا منصوبہ عالمی معیار کی تیزرفتار سفری سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلاب برپا کرے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت ہر اقدام عوام کی بہتری کے لیے اٹھا رہی ہے۔ شہریوں کی عارضی تکلیف کا انہیں پورا احساس ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ منصوبے میں شفافیت اور اعلیٰ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ روٹ پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے بہترین انتظامات  کیے جائیں۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے شہریوں اور دکانداروں سے ملاقات کی اور ان سے درپیش مسائل دریافت کیے۔ اس موقع پر خواجہ احمد حسان اور دیگر حکام بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔