Friday, April 26, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب کا لاہور اورگردونواح کے علاقوں کا فضائی دورہ

وزیراعلیٰ پنجاب کا لاہور اورگردونواح کے علاقوں کا فضائی دورہ
April 3, 2020

لاہور ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور اور گردونواح کے  علاقوں کا فضائی دورہ کیا، سردار عثمان بزدار نے لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا اور حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد  پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ عوام گھروں میں رہیں گے تو ہی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنا ممکن ہوگا، پاک فوج ، رینجرز اور پولیس کا کردار مثالی ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور اور گردونواح کے علاقوں کا فضائی دورہ کیا ، وزیر اعلیٰ نے فضائی دورے کے دوران  لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند مارکیٹوں اور کمرشل سینٹرز کا بھی مشاہدہ کیا ، انہوں نے  حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ  عوام کی صحت اور جان کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کئے گئے ہیں ، عوام گھروں تک محدود رہیں توہی  کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم سے کم ہو گا،  حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کرنے پر  لاہور سمیت پنجاب کے تمام  عوام کا شکر گزار ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر پوری طرح سے نظر ہے ،  حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کا خود جائزہ لے رہا ہوں ، پنجاب کے ہر شہری کو کورونا سے بچانا  ہمارا مقصد ہے ،   وباء کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے  کورونا وائرس کی وجہ سے عائد کردہ پابندیوں پر عملدرآمدکرنے پر ٹرانسپورٹر اورتاجربرادری کا شکریہ بھی ادا کیاجبکہ عملدرآمد کروانے پر پاک فوج ، رینجرز اور پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔