Wednesday, April 24, 2024

شہباز شریف تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں سے ملکی ترقی پر ہونیوالے اثرات پر کتاب لکھیں گے

شہباز شریف تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں سے ملکی ترقی پر ہونیوالے اثرات پر کتاب لکھیں گے
June 8, 2015
لاہور (92نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے دھرنا سیاست پر کتاب لکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کتاب میں وہ چودہ اگست دوہزار چودہ سے دسمبردو ہزار چودہ تک کے ملکی سیاست کے اہم واقعات اور دیگر حقائق سے پردہ اٹھائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کتاب میں گزشتہ سال 14 اگست کو پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کی جانب سے دئیے گئے دھرنوں کے ملکی سیاست اور ترقی پر ہونیوالے اثرات کے بارے میں بیان کرینگے۔ کتاب میں ملکی حالات اور ان دھرنوں کے پس و پیش منظر کے حوالے سے مختلف حقائق سے پردہ اٹھایا جائے گا۔ شہباز شریف کے قریبی ذرائع کے مطابق اس کتاب کی تیاری کےلئے شہباز شریف نے ریکارڈ ترتیب دینا شروع کردیا ہے۔ دھرنوں کا فیصلہ کہاں ہوا؟ کیسے ہوا؟ پس پردہ حقائق کیا تھے؟ اور اس میں کس نے اور کیا کردار ادا کیا؟ شہباز شریف کتاب میں اہم رازوں کا پردہ فاش کرینگے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے قریبی ذرائع کے مطابق شہباز شریف اس کتاب کو جلد از جلد مرتب کرنا چاہتے ہیں مگران کی مصروفیات کی وجہ سے ریکارڈ مرتب کرنے کا عمل سست روی کا شکار ہے۔