Wednesday, April 24, 2024

وزیراعلی پنجاب کا بھکاری مافیا کی سرکوبی کےلیے خصوصی اسکواڈ تشکیل دینے کا حکم

وزیراعلی پنجاب کا بھکاری مافیا کی سرکوبی کےلیے خصوصی اسکواڈ تشکیل دینے کا حکم
October 12, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے بھکاری مافیا کی سرکوبی کےلیے خصوصی اسکواڈ تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔

خصوصی اسکواڈ مرحلہ وار مختلف زونز میں بھکاری مافیا کے خلاف کارروائی کرے گا۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ خواجہ سراؤں کو بھی معاشرے کا مفید شہری بنائیں گے۔ منشیات کے عادی افراد کو ٹیکنیکل اور ووکیشنل تربیت دے کر اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جائے گا۔

وزیراعلی کی زیر صدارت ایک اور اجلاس میں ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے کوہ سلیمان میں کوہ سلیمان پبلک سکولز آف ایکسیلینس (بوائز، گرلز) کے قیام کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا۔ عثمان بزدارنے کوہ سلیمان پبلک سکولز آف ایکسیلینس (بوائز، گرلز) کے قیام کیلئے سفارشات کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کر دی۔ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب اسکولز کا ماسٹر پلان تیار کرے گی۔

وزیراعلی عثمان بزدار سے رکن قومی اسمبلی ثنااللہ مستی خیل نے ملاقات کی۔ ثناء اللہ مستی خیل نے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلی نے مسائل جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔