Wednesday, April 24, 2024

وزیراعلی پنجاب نے فورٹ منرو میں چار نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیراعلی پنجاب نے فورٹ منرو میں چار نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا
August 29, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے فورٹ منرو میں چار نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بلوچستان کے ضلع بارکھان کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کی رہائش گاہ پہنچے اور ان کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیر اعلی پنجاب اور چیئرمین سینیٹ ڈیرہ غازی خان کے سیاحتی مقام فورٹ منرو بھی پہنچے۔ عثمان بزدار نے فورٹ منرو کی تعمیر و ترقی کیلئے 90 کروڑ روپے کے 8 منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔

وزیر اعلی نے 10 کروڑ روپے کی لاگت کا سولر لائٹس نیٹ ورک اور پارکس و ہارٹیکلچر کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے فورٹ منرو تا لنگر خند سر روڈ کا افتتاح بھی کیا۔ 5 کلو میٹر طویل سڑک پر 29 کروڑ روپے لاگت آئی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقہ رکھنی میں اسپتال کے قیام کا اعلان بھی کیا۔

عثمان بزدار نے کہا کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مکمل بحال اور فعال کر دیا ہے جس کیلئے 5 ارب 70 کروڑ کے فنڈز رکھے گئے ہیں۔ سخی سرور سے تمن بزدار اور تمن لغاری کے محروم علاقوں میں بجلی کی سہولت فراہم کریں گے۔ تمن لغاری میں ویٹرنری اسپتال بھی بنے گا۔