Saturday, May 18, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب نے بوریوالہ میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا، 2سال میں پنجاب کی تمام سڑکیں کارپٹ کر دینگے: شہبازشریف

وزیراعلیٰ پنجاب نے بوریوالہ میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا، 2سال میں پنجاب کی تمام سڑکیں کارپٹ کر دینگے: شہبازشریف
May 6, 2015
لاہور (92نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے بورےوالہ میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا ہے۔ انہوں نے دیوان صاحب میں ذہنی معذور افراد کےلئے قائم کیے گئے ہسپتال کا افتتاح کیا، وزیراعلیٰ نے دو سڑکوں چیچہ وطنی روڈ بورےوالہ اور 5نمبر چونگی کچی پکی روڈ کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے دھرنوں کی سیاست مسترد کر دی ہے، عوام ملک کی تعمیرنو میں حکومت کا ساتھ دیں، اگلے 2سال میں پنجاب کی تمام سٹرکیں کارپٹ کر دیں گے، ملک سے اندھیروں اور بیروزگاری کا خاتمہ کر دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھرنے والے ایک بار پھر ترقیاتی عمل روکنے کے درپے ہیں، عوام ہوشیار رہیں اور ان کے عزائم ناکام بنا دیں، چین نے 46ارب ڈالر کا تاریخ ساز اقتصادی پیکج دیا ہے، 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری صرف بجلی کے منصوبوں کیلئے ہے۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے بورےوالہ لڈن روڈ کی تعمیر نو، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں کارڈیک وارڈ اور بورےوالہ چیچہ وطنی روڈ کو دورویہ کرنے کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ریسکیو 1122 کے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد ان کے اردگرد جمع ہو گئی اور ان کے حق میں نعرے لگانے شروع کر دیئے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب نے بورےوالہ کے گاﺅں 317 ای بی میں دربار بابا حاجی شیر المعروف دیوان صاحب پر حاضری بھی دی اور بعدازاں وہاڑی روانہ ہو گئے۔