Friday, March 29, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب اور چینی ڈاکٹروں کا کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق

وزیراعلیٰ پنجاب اور چینی ڈاکٹروں کا کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق
April 5, 2020
 لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے چین کے ڈاکٹروں اور ماہرین کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے دو طرفہ تعاون اور مشترکہ کاوشوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی ڈاکٹروں اور ماہرین نے کورونا وبا کی روک تھام کے لئے وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت کے مؤثر اقدامات کی تعریف کی۔ چینی ڈاکٹروں کی جانب سے کورونا وباء کی روک تھام کے لئے حکومت پنجاب کو ہرممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چینی ڈاکٹروں اور چیف نرس کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچاؤ اور سدباب کے لئے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔ چینی ڈاکٹروں کے مشورے اور سفارشات پر عمل کریں گے۔ چینی ڈاکٹروں اور ماہرین نے بتایا کہ گرمی میں بھی کورونا وائرس کے پھیلنے کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ سماجی فاصلے کورونا وائرس سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وفد نے مشورہ دیا کہ کم ازکم اٹھائیس دن کے لئے لاک ڈاؤن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اس کے بعد محتاط انداز میں مرحلہ وار پابندیاں نرم کی جانی چاہئے۔ کورونا وائرس کے شکار مریض کو گھر میں رہنے کی بجائے قرنطینہ مرکز میں آنا چاہئے۔ چینی وفد نے بتایا کہ مریض کی جان بچانے کے لئے انتہائی ناگریز صورت میں پلازمہ کا استعمال مفید ثابت ہوا ہے۔ متاثرہ مریض کے لیے تین اینٹی وائرل ادویات کا استعمال مفید ثابت ہوا۔ وفد کے شرکا نے بتایا کہ بعض اوقات کورونا وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔ سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ نے صوبہ بھر میں مریضوں کے اعدادوشمار کے بارے میں بریفنگ دی۔