Saturday, April 27, 2024

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا ملتان کا دورہ ، نشتر ٹو کے ترقیاتی منصوبے کا جائزہ لیا

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا ملتان کا دورہ ، نشتر ٹو کے ترقیاتی منصوبے کا جائزہ لیا
July 14, 2020
 ملتان (92 نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملتان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نشتر ٹو کے ترقیاتی منصوبے کا جائزہ لیا۔ انتظامیہ نے منصوبے کی تکمیل کے متعلق بریفنگ دی۔ ملتان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے دورہ کے موقع پر وزیر اعلی پنجاب  عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ نشتر ہسپتال ٹو نو ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔ نشتر ٹو کا ابتدائی تعمیراتی کام 91 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ عمارت کے لیے بنیادوں کی بھرائی باؤنڈری وال اور دیگر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ۔ پہلے مرحلے میں 500 بستروں پر مشتمل ہسپتال بنایا جا رہا ہے ۔ دوسرے مرحلے میں مزید 500 بیڈ کا اضافہ کیا جائے گا۔ ڈاکٹر کے لیے رہائش گاہ بھی بنائی جائیں گی۔ تیسرے مرحلے میں میڈیکل یونیورسٹی اور نرسنگ کالج بنے گا ۔ نشتر ہسپتال ٹو کی تعمیر سے جنوبی پنجاب کے شہریوں کو علاج کی بہترین سہولیات میسر آسکیں گی۔ نشتر ہسپتال ٹو بننے سے شہر میں موجود دوسرے سرکاری ہسپتالوں میں رش کم ہو گا۔ کڈنی سنٹر کے دورہ کے موقع پر وزیراعلی عثمان بزدار نے ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی سینٹر میں دی جانے والی مریضوں کو سہولیات کا جائزہ لیا اور کڈنی سنٹر کے مختلف شعبہ جات کا وزٹ بھی کیا ۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کتنی سنٹر میں داخل مریضوں کی عیادت بھی کی۔ مریضہ کی درخواست پر وزیر اعلی کی جانب سے انتظامیہ کو فوری طور پر مریض کا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ سینٹر میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حکومت نے کڈنی انسٹی ٹیوٹ کو مکمل طور پر فعال کیا ہے۔ کڈنی سینٹر میں مزید 110 ڈائلیسسز مشینوں کا اضافہ کیا جائے گا ۔ برطانوی ہسپتال کے اشتراک سے گردوں کے ٹرانسپلانٹ سیشن کے منصوبے کو بھی پایا تکمیل تک پہنچائیں گے۔ ایم کے آئی ڈی میں گردوں کے امراض میں مبتلا بچوں کو علاج کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ صحت کے ترقیاتی منصوبوں کو میں اپنی نگرانی میں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرواؤں گا ۔ صحت کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔