Saturday, May 11, 2024

وزیراعلیٰ عثمان بزدار جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی پر برہم

وزیراعلیٰ عثمان بزدار جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی پر برہم
March 7, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی پر برہم ہوگئے، عوامی مسائل فوری حل نہ کرنے اورفلاح عامہ کے منصوبوں میں تاخیر پر متعلقہ حکام کی سرزنش کی، مختلف محکموں کے سیکرٹریزکو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ آفس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے مختلف محکموں کے تعینات سیکرٹریزکا اہم اجلاس ہوا، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ نے افسران کوکارکردگی بہتر بنانے کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے ضروری ہدایات دیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا متعلقہ سیکرٹریز عوامی مسائل فوری حل کرنے کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائیں۔ محکموں کو اب کام کر کے دکھانا ہو گا، سست روی بالکل برداشت نہیں۔ کوتاہی پر ذمہ داروں کا تعین کر کے سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعینات افسران کارکردگی کا مظاہرہ کریں، فلاح عامہ کے منصوبوں کو وقت پر مکمل کیا جائے۔ کہا کہ جونتائج نہیں دے گا وہ پنجاب میں نہیں رہے گا، دیانتدار اورفرض شناس افسران کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔ فلاح عامہ کی ہر اسکیم کی تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ ہوگی۔ عوامی منصوبوں کے لئے جاری فنڈز کو بروقت استعمال کیا جائے۔

 اُن کا مزید کہنا تھا، تحریک انصاف کی حکومت نے علیحدہ سیکرٹریٹ بنا کر جنوبی پنجاب کو نئی شناخت دی۔ افسران دلجمعی سے فرائض سرانجام دیں اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں۔