Monday, September 16, 2024

وزیراعلیٰ سندھ کی سرزنش کام کر گئی‘ سرکاری ملازمین کی وقت پر دفاتر میں حاضری

وزیراعلیٰ سندھ کی سرزنش کام کر گئی‘ سرکاری ملازمین کی وقت پر دفاتر میں حاضری
August 2, 2016
کراچی (92نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی سرزنش کے بعد آج سرکاری ملازمین نے وقت پر دفتر کا رخ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق نئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی اوقات کار کے حوالے سے سرزنش کام کرگئی۔ جبھی تو آج سرکاری ملازمین وقت پر دفاتر پہنچنا شروع ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ صبح نو بجے اپنے دفتر پہنچے اور آتے ہی سندھ سیکرٹریٹ سے سیکرٹریز اور ڈویڑنل کمشنرز اور ڈی آئی جیز کی حاضری معلوم کی۔ چیف سیکرٹری سندھ سمیت دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران بھی صبح 9 بجے سے قبل ہی دفتر پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی ڈانٹ سے خائف ایک مشیر تو وزیراعلیٰ سندھ سے بھی زیادہ پروٹوکول کےساتھ اپنے دفتر پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد شاہ نے سرکاری افسران کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ عوام سے ملنے کے اوقات کار مقرر کریں اور ان کے مسائل کے فوری ازالے کی کوشش کریں۔ صوبائی وزیر جام مہتاب بھی صبح نو بجے ہی اپنے دفتر پہنچ گئے اور آتے ہی عمران خان پر بیان بھی داغ دیا اور کہا عمران خان والی تبدیلی نہیں اصل تبدیلی یہ ہے کہ سب مقررہ وقت پر پہنچ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پیر کے روز تاخیر سے آفس آنے والے سرکاری ملازمین کی خوب خبر لی تھی۔