Thursday, September 19, 2024

وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت امن وامان سے متعلق اجلاس

وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت امن وامان سے متعلق اجلاس
December 4, 2018
کراچی ( 92 نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت صوبے میں امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا ۔ وزیراعلٰی نے موٹرسائیکلوں میں ٹریکنگ لگوانے کے فیصلے پر عملدرآمد کی ہدایت اور  اوپن لیٹر پر گاڑیوں کی خریدو فروخت کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال کراچی میں اغواء برائے تاوان کے 12 واقعات میں تمام مغویوں کو بازیاب کرایا گیا ۔ وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت امن و امان سے متعلق بیٹھک  میں  آئی جی سندھ نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ 2013 میں 165 پولیس اہلکاروں سمیت 575 افراد ٹارگٹ کلنگ کا شکار بنے ، لیکن رواں سال ٹارگٹ کلنگ کے  صرف 6 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں پولیس کو ٹارگٹ کیا گیا ۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ  5 سال پہلے سندھ میں اغوا برائے تاوان کے 173 اور رواں سال 40 میں سے کراچی میں صرف 12 واقعات ہوئے ۔ وزیراعلیٰ نے اہم مقامات اور سڑکوں پر ڈیوٹیاں دینے والے تمام پولیس اہلکاروں کیلئے بلٹ پروف جیکٹس کا حکم دیا  جبکہ  چینی قونصل خانے پر حملے میں شہید باپ بیٹا کے لواحقین کیلئے امداد کی سفارش کیلئے چیف سیکرٹری  کو ہدایت کی  ۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ رواں سال موبائل فون چھینے جانے کے 14 ہزار واقعات ہوئے ، جس پر مراد علی شاہ نے اسٹریٹ کرائم ہر صورت کنٹرول کرنے کی ہدایت کی  ۔ آئی جی سندھ نے بتایا کہ 2013 میں شہریوں کو 5118  اور رواں سال 1892 موٹرسائیکلوں سے محروم کیا گیا ،  5 سال پہلے 980 اور رواں سال 165 گاڑیاں چھینی یا چوری کی گئیں ۔