Monday, September 16, 2024

وزیراعلیٰ سندھ کی دبئی سے واپسی‘ قائم علی شاہ کے اعزاز میں عشائیہ دینگے

وزیراعلیٰ سندھ کی دبئی سے واپسی‘ قائم علی شاہ کے اعزاز میں عشائیہ دینگے
August 1, 2016
کراچی (92نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ دبئی میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بنانے پر آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا۔ آج سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سید مراد علی شاہ دل کی مراد پوری ہونے کے بعد پہلی یاترا پر دبئی گئے جہاں نومنتخب وزیراعلیٰ نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور سندھ کا وزیراعلیٰ بنانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ سابق صدر سے ملاقات کے دوران سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ ان کی رہنمائی میں صوبے اور عوام کے فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کریں گے۔ صوبے میں اچھی طرز حکومت کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے شریک چیئرمین کو سندھ میں پیپلز پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کا بھی یقین دلایا۔ وزارت اعلیٰ کا قلمدان سنبھالنے کے بعدآج شام انہوں نے پہلے بڑے سیاسی کھانے کا اہتمام کر رکھا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کے اعزاز میں دیے جانے والے عشائیہ میں پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ دبئی روانگی سے پہلے گڑھی خدابخش میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ رینجرز کے اختیارات کا معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔ سویلین فورس مضبوط ہونے سے ضرب عضب مزید کامیاب ہو گا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کرپشن کو ناسور قراردیتے ہوئے بدعنوان عناصر کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا بھی اعلان کیا۔