Sunday, May 19, 2024

وزیراعلیٰ سندھ کا دورہ بے سود، دادو کاچھو میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری

وزیراعلیٰ سندھ کا دورہ بے سود، دادو کاچھو میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری
August 16, 2020
کراچی (92 نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا دادو کا دو مرتبہ دورہ بھی بے سود ثابت ہوا، دادو کاچھو میں سیلاب کی تباہ کاریاں دسویں روز بھی جاری ہیں، کاچھو کا راستہ تاحال بحال نہ ہوسکا ہے، نئی گاج کا سیلابی پانی آنے سے 600 سے زائد علاقے متاثر ہوئے ہیں، متاثرین حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا دادو کا دو مرتبہ دورہ بھی کام نہیں آسکا، دادو میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، دسویں روز بھی کاچھو کا راستہ بحال نہیں ہوا، کاچھو میں نئی گاج سے آنے والا سیلابی ریلہ منچھرجھیل میں داخل ہوگیا اورسیلابی پانی آنے سے نشیبی 600 سے زائد علاقے متاثر ہوگئے ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے سیکڑوں دیہاتوں کا دادو، جوہی، واہی پاندھی، چہنی، ڈرگ بالا اور حاجی خان سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ علاقہ مکین پانی آنے سے گھروں تک محدود ہوگئے ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں راشن اور پینے کے صاف پانی کی قلت ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات کے باوجود محکمہ صحت اور لائیواسٹاک کی ٹیمیں نہیں پہنچ سکیں جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نے دعویٰ کیا ہے کہ متاثرین کو سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ پاک فوج نے کاچھو کے مختلف علاقوں میں پہنچ کر 800 لوگوں کو ریسکیو کرلیا ہے جبکہ گاج بند اور فلڈ پروٹیکشن بند کا مرمتی کام بھی تاحال شروع نہیں ہوسکا ہے۔