Wednesday, April 24, 2024

وزیراعلیٰ سندھ کا بغیرپروٹوکول سی ویو کا دورہ،رینجرز اہلکاروں نے شناخت کیلئے روک لیا

وزیراعلیٰ سندھ کا بغیرپروٹوکول سی ویو کا دورہ،رینجرز اہلکاروں نے شناخت کیلئے روک لیا
January 1, 2019
کراچی ( 92 نیوز) سال نو کے جشن پر وزیراعلیٰ سندھ نے بغیر پروٹوکول اور سرکاری گاڑی سی ویو کا دورہ کیا جہاں رینجرز اہلکاروں نے شناخت کیلئے گاڑی کو روک لیا ، بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ کو دیکھ کر سلیوٹ کیا ۔ سندھ کے کپتان نے  سیکرٹری داخلہ کو فون کر کے  موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ختم کروادی۔ سال نو کا استقبال  کرنے کیلئے  کراچی کے عوام نے بھرپور جشن منایا ، حالات کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بغیر سرکاری گاڑی اور بنا پروٹوکول کے  سی ویو پہنچے جہاں رینجرز اہلکاروں نے شناخت کی غرض سے انہیں روک لیا۔ نجی گاڑی میں وزیر اعلیٰ سندھ کو دیکھ کر رینجرز اہلکاروں نے سلیوٹ کیا اور  وزیر اعلیٰ سے داد بھی وصول کی ۔ وزیراعلیٰ عوامی انداز اپناتے ہوئے شہریوں میں گھل مل گئے، سیلفیاں بنوائیں، بھٹہ کھایا اور  بھگی سواری کا مزہ اڑایا۔ شہریوں کی جانب سے ڈبل سواری پر پابندی کا شکوہ کیا گیا جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے فوری موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا حکم نامہ معطل کرادیا۔ میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کو نشانہ پر رکھتے ہوئے سندھ کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ ہم نے سو دن کے دعوے کئے، نہ جشن منایا، سو روزہ پلان میں انڈوں، مرغیوں کے سوا کچھ نہیں نکلا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہر میدان میں شکست کھائی، نا تجربہ کار ہیں، سیکھ جائیں گے۔