Thursday, May 9, 2024

وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کر دیا

وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کر دیا
March 16, 2020
 کراچی (92 نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا کیسز مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ مراد علی شاہ نے کہا مریضوں کو الگ الگ رکھنا چاہیے۔ ایران سے واپس آنے والے کورونا کا وائرس بھی لے آئے۔ تفتان سے ملک کے دیگر صوبوں میں پہنچنے والے 100 کے قریب افراد میں وائرس پازیٹو نکلا۔ سکھر پہنچنے والے زائرین میں سب سے زیادہ متاثرین شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ چین سے آنے والے افراد میں سے ایک شخص بھی کورونا وائرس سے متاثر نہیں۔ سندھ میں لوکل ٹرانسمیشن کے 5 مریض سامنے آئے، کراچی میں تعداد بڑھنا الارمنگ ہے، سکھر میں صورتحال زیادہ خراب نہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا قرنطینہ میں موجود کوئی بھی شخص خوشی سے نہیں رہے گا، ہم فائیو اسٹار سہولیات نہیں دے سکتے۔ سکھر میں پہلے دن ڈسپلن قائم رہا لیکن دوسرے دن لوگوں نے ایک دوسرے سے ملنا جلنا شروع کر دیا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کورونا ٹیسٹ کیلئے خون نہیں بلکہ ناک سے سیمپل لینا ہوتا ہے۔ ایک ٹیسٹ 6 سے 8 گھنٹوں میں ہوتا ہے۔ کٹس منگوانا آسان مگر ٹیسٹ آسان نہیں، کیس نہیں چھپائیں گے۔ دوسری طرف لاہور کے بعد ملتان میں بھی کورونا وائرس کا ایک مریض سامنے آگیا جبکہ سکھر اور کراچی کے بعد سندھ کے ایک اور بڑے شہر حیدر آباد میں بھی ایک شخص کا نمونہ بھی پازیٹو نکل آیا۔ خیبرپختونخوامیں بھی کورونا نے انٹری دے دی۔ تفتان سے ڈی آئی خان پہنچنےوالے 19 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے تو 15 کا رزلٹ پازیٹو نکلا۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا تمام مریضوں کو ڈی آئی خان میں ہی رکھا جائے گا۔