Friday, April 26, 2024

وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں شرپسندوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کا حکم دیدیا

وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں شرپسندوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کا حکم دیدیا
August 24, 2016
کراچی (92نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں سندھ خصوصاً کراچی میں امن و امان کی صورت حال پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں شرپسندوں کے خلاف بلاتفریق سخت کارروائی کرنے اور شہر میں پولیس پیٹرولنگ جاری رکھنے کا حکم دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ سیکرٹریٹ میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے پر کیے گئے اقدامات پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے شرپسندوں کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہر میں پولیس پیٹرولنگ جاری رکھنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ایس ایچ اوز پولیس اسٹیشن پر عوام کے مسائل اور شکایات دوستانہ ماحول میں سنیں۔ میں خود تھانہ اور لاک اپ چیک کرتا رہوں گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ بھر میں مثالی امن اور بھائی چارے کا ماحول قائم کرنا چاہتا ہوں۔ ہر شخص اپنا کام احسن طریقے سے کرے تو مسائل حل ہو جائیں گے۔ اجلاس میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر، ایڈیشنل آئی جی ثناءاللہ عباسی، چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن بھی شریک ہوئے۔