Friday, March 29, 2024

وزیراعلیٰ بھارتی پنجاب نے کرتارپور راہداری تقریب میں شرکت کی آفر ٹھکرادی

وزیراعلیٰ بھارتی پنجاب نے کرتارپور راہداری تقریب میں شرکت کی آفر ٹھکرادی
November 25, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) بھارت امن کا ایک اور موقع ضائع کرنے پر تل گیا ،بھارتی وزیر خارجہ کے بعد بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ نے بھی کرتارپور راہداری  کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی آفر ٹھکرا دی ۔ وزیر اعلیٰ بھارتی پنجاب نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو تضحیک آمیز جوابی خط میں کہا ہے کہ ریاست پنجاب میں دہشتگردی اور  سرحد وں پر  کشیدگی  کے باعث وہ تقریب میں شرکت کیلئے  نہیں آسکتے ۔سکھ برادری کیلئے اقدام قابل ستائش ہے تاہم تقریب کا حصہ نہیں بن سکتا، کشیدگی  کا سلسلہ تھما تو گوردوارہ کرتارپور صاحب پر حاضری دوں گا،امید ہے پاکستانی وزیراعظم دونوں ممالک کو امن کے راستے پر گامزن کریں  گے۔ قبل ازیں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی تقریب میں شرکت سے معذرت کرتےہوئے دو وزرا کو بھیجنے کا اعلان کیا تھا ۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے  اعلان کاخیر مقدم کیا ہے اور کہا کہ پاکستانی اقدام سے نہ صرف دونوں ملکوں کے درمیان برف پگھلنے کا امکان ہے بلکہ اس سے بیرون ملک پاکستان کا امیج بھی بہتر ہوگا ۔ وزیراطلاعات فواد چودھری نے بھی اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نے ایک بار پھر اپنے عمل سے ثابت کیا ہے وہ جنوبی ایشیا میں امن چاہتا ہے اور یہ بھی  دیکھا جا سکتا ہے کون سی طاقت امن عمل سے مخلص نہیں، کرتارپور سرحد کے کھولے جانے کا عمل تاریخ ساز ہے،تاریخ فیصلہ کرے گی کون غلط تھا۔