Thursday, March 28, 2024

وزیراعلیٰ بلوچستان کا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو قرنطینہ بھیجنے کا اعلان

وزیراعلیٰ بلوچستان کا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو قرنطینہ بھیجنے کا اعلان
April 27, 2020
کوئٹہ (92 نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قرنطینہ بھیجنے کا اعلان کردیا، ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کہتے ہیں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا، ینگ ڈاکٹرز نے بلوچستان میں کرفیو لگانے کا مطالبہ کردیا۔ بلوچستان حکومت لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی سے پریشان،وزیراعلیٰ جام کمال نے اعلان کیا ہے کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قرنطینہ بھیجا جائے گا۔ ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے سول سیکرٹریٹ میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا شہریوں سے اپیل کرتا ہوں گھروں سے نہ نکلیں، زندگی رہے گی تو کاروبار ہوتا رہے گا، ہمارے پاس صحت کی سہولیات کم ہیں۔ اُدھر بلوچستان کے ینگ ڈاکٹرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کرفیو لگاکر شہریوں کو گھروں کے اندر رکھا جائے تاکہ کورونا وائرس مزید نہ پھیل سکے، ڈاکٹرز کا موقف ہے کہ چند روز کے دوران کیسز میں اضافہ شروع ہوگیا ہے۔