Friday, April 26, 2024

وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے استعفیٰ دے دیا

وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے استعفیٰ دے دیا
January 9, 2018

کوئٹہ ( 92 نیوز ) وزیر اعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے استعفی دے دیا ۔  گورنر بلوچستان نے ان کا استعفیٰ منظور کرلیا۔ثنا اللہ زہری کا کہنا تھا کہ زبردستی اقتدار سے چمٹے رہنا میرا شیوہ نہیں ۔ محسوس کر رہا ہوں کہ ارکان اسمبلی کی اکثریت میری قیادت سے مطمئن نہیں ۔قبل ازیں صبح وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے بھی ثنا اللہ زہری سے ملاقات کی تھی ۔ وزیر اعظم پاکستان نے بھی ثنا اللہ زہری کو مستعفی ہونے کا مشورہ دیا تھا ۔

 بلوچستان میں سیاسی ہل چل  کے بعد تحریک عدم اعتماد آنے سے پہلے ہی کامیاب ہو گئی ۔ اپوزیشن کا گٹھ جوڑ کام دکھا گیا ۔ سردار ثنا اللہ زہری نے بغیر کسی مزاحمت استعفی دے دیا ۔

سردار ثنا اللہ زہری نے آئین کے آرٹیکل 130 کی شق 8 کے تحت اپنے عہدے سے استعفی دیا  ۔

دوسری طرف اپوزیشن نے سردار ثنا اللہ زہری کے استعفے کو خوش آمدید کہا ہے ۔ سرفراز بگٹی نے اپنے ٹویٹ پیغام میں ثنا اللہ زہری کے استعفے  کی خبر دی اور اللہ کا شکر ادا کیا  جبکہ وزیراعلیٰ کے لئے متوقع تین نام بھی سامنے آ گئے ہیں  جن میں صالح بھوتانی،سرفراز بگٹی اور چنگیز مری شامل ہیں ۔

واضح رہے گزشتہ کئی روز سے بلوچستان میں سیاسی منظر نامے پر ایک طوفان برپا تھا ۔ تحریک عدم اعتماد کی باز گشت ملک کے طول و عرض میں سنی گئی ۔ ہر گزرتے لمحے کے ساتھ سیاسی بحران شدید سے شدید تر ہوتا گیا۔ وزیراعلیٰ اور اپوزیشن کی طرف سے بلند بانگ دعوے کئے گئے تاہم اب بلوچستان اسمبلی اپنا نیا قائد ایوان منتخب کرے گی۔