Tuesday, April 23, 2024

وزیراعلیٰ بزدار کا سیالکوٹ کا اچانک دورہ، ناقص کارکردگی پر متعدد افسران معطل

وزیراعلیٰ بزدار کا سیالکوٹ کا اچانک دورہ، ناقص کارکردگی پر متعدد افسران معطل
September 16, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیالکوٹ کا اچانک دورہ کیا، انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔ ناقص کارکردگی پر متعدد افسران کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اچانک دورے پر سیالکوٹ پہنچے، ان کے بغیر اطلاع ڈسٹرکٹ جیل پہنچنے پر عملے کی دوڑیں لگ گئیں۔

وزیر اعلیٰ نے جیل اسپتال میں مریض قیدیوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔ ٹی وی کی بندش پر اظہار ناراضی کرتے ہوئے عثمان بزدار نے قیدیوں کیلئے فوری ٹی وی کی مرمت کا حکم دیا۔

ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان کے مطابق عثمان بزدار نے نااہلی، بدانتظامی اور عوامی شکایات پر نوٹس لے لیا۔ سپرنٹنڈنٹ جیل، اسسٹنٹ لیڈی سپرنٹنڈنٹ سیالکوٹ جیل کو ناقص کارکردگی پر معطل کرنے کے احکامات دئیے۔

فرائض میں غفلت اور بدانتظامی پر اے سی سمبڑیال، سی او میونسپل کارپوریشن سمبڑیال کو بھی کام سے روک دیا۔ ایم ایس ٹی ایچ کیو اسپتال سمبڑیال، اے ڈی ایل آر سمبڑیال کو بھی معطل کر دیا۔

وزیر اعلیٰ نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر، سب رجسٹرار رورل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سیالکوٹ کو بھی معطل کر دیا۔ ایکسیئن ایریگیشن مرالہ سب ڈویژن، سی او تحصیل کونسل سیالکوٹ کو بھی معطل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔

سی او تحصیل پسرور و ڈسکہ، ڈی ایس پی ڈسکہ اور ڈی ایس پی ٹریفک سیالکوٹ بھی بھی معطل کیا۔

وزیراعلیٰ بزدار کہتے ہیں عہدے پر وہی رہے گا جو عوام کو مسائل کا فوری حل فراہم کرے گا۔ سروس ڈیلیوری میں کوتاہی پر بزدار حکومت سخت ایکشن لے گی۔