Friday, April 26, 2024

وزیراعلیٰ بزدار نے سرکاری خرچ پر افطار پارٹیوں پر پابندی عائد کردی

وزیراعلیٰ بزدار نے سرکاری خرچ پر افطار پارٹیوں پر پابندی عائد کردی
April 25, 2020
لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب میں سرکاری خرچ پر افطارپارٹیوں پر پابندی عائد کردی، کہا کورونا وباء کے باعث ہم نے پائی پائی کی بچت کرنی ہے، وزیراعلیٰ سے نئے چیف سیکرٹری پنجاب نے ملاقات کی، سردارعثمان بزدار نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی تسلسل کے ساتھ جاری رکھیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سرکاری وسائل کی بچت کے لئے متحرک ہیں۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے پنجاب میں سرکاری خرچ پر افطار پارٹیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پابندی کا اطلاق وزراء، سیکرٹریز اور دیگر سرکاری حکام پر ہوگا، کورونا وباء کے باعث ہم نے پائی پائی کی بچت کرنی ہے۔ سردارعثمان بزادر نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھ کر وسائل کو کورونا کی روک تھام کیلئے خرچ کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے نئے تعینات ہونے والے چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں چیف سیکرٹری کے عہدے پر تعیناتی پر جواد رفیق ملک کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے جانفشانی سے فرائض کی انجام دہی ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ڈیرہ غازی خان کی یونین کونسل پائیگاہ میں اغواء کے بعد بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او ڈی جی خان کو ملزمان کو فی الفور گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔