Sunday, May 12, 2024

وزیراعلیٰ بزدار نے تونسہ شریف میں کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیراعلیٰ بزدار نے تونسہ شریف میں کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، سنگ بنیاد رکھ دیا
September 18, 2020
تونسہ (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تونسہ شریف میں کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھ دیا۔ 92 نیوز سے خصوصی گفتگو میں عثمان بزدار کا کہنا تھا ترقی کے سفر کو بڑے شہروں کے ساتھ پسماندہ علاقوں تک لے کر آئے ہیں، جن علاقوں میں ماضی کے حکمران کبھی نہیں گئے آج وہاں ترقی کے ثمرات پہنچ رہے ہیں، اپوزیشن جو مرضی کرے ہمیں پرواہ نہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب بولے کہ ملتان اور بہاولپور میں بہت جلد سیکٹریٹ کام شروع کر دے گا، اس علاقے میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ موٹر وے پر میں نے خود میڈیا کے تمام سوالوں کا جواب دیا، ایک ملزم گرفتار ہو چکا، دوسرے کو بھی جلد گرفتار کر لیں گے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ بزدار نے بارتھی میں ریسکیور 1122 موٹر بائیک ایمبولینس سروس کا آغاز کردیا۔ بارتھی میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان بھی کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کو ہائر سکینڈری سکول کا درجہ دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بارتھی میں اراضی ریکارڈ سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بارتھی میں سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے پروگرام کا بھی افتتاح کیا، کہا کہ بارتھی کے 55سکولوں کو سولرانرجی پر منتقل کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارتھی گرلز ہائی سکول کی طالبات کو ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے۔ گرلز سکول کیلئے وین مہیا کی گئی ہے، بچیوں کی ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل ہوگیا ہے۔