Friday, April 26, 2024

وزیراعلیٰ بزدار نے بچوں کو ویکسین پلا کرپنجاب میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کردیا

وزیراعلیٰ بزدار نے بچوں کو ویکسین پلا کرپنجاب میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کردیا
December 13, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بچوں کو ویکسین پلا کر صوبہ میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا۔ 

وزیراعلیٰ آفس میں انسدادِپولیو مہم کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد ہوا، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے۔ چیف سیکرٹری کامران افضل اور سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ نے بھی بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلائی۔

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی ٰاور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

عثمان بزدار نے کہا پولیو مہم کے دوران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ گھر گھر جا کر انسدادِپولیو کے قطرے پلانے والے ورکرز قومی ہیرو ہیں۔ پولیو ٹیموں کی محنت کے باعث رواں سال پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ6 ماہ کے دوران پنجاب سے حاصل ہونے والے تمام ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس سے پاک نکلے ہیں۔ بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانا قومی ذمہ داری ہے۔

پنجاب میں انسداد پولیو 17 دسمبر تک جاری رہے گی، صوبے میں ایک لاکھ 56 ہزار رضا کار ایک کروڑ 70 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائیں گے۔