Thursday, March 28, 2024

وزیراعظم ہاؤس کی 102میں سے 61گاڑیاں نیلام کر دی گئیں

وزیراعظم ہاؤس کی 102میں سے 61گاڑیاں نیلام کر دی گئیں
September 17, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) وزیر اعظم ہاؤس کی 102 میں سے 61 گاڑیاں نیلام کر دی گئیں ۔ وزیراعظم ہاؤس میں شروع ہونے والی نیلامی میں پہلی گاڑی کرولا اٹلس 2010 ماڈل سیالکوٹ کے شہری فیضان ملک نے 11لاکھ 20 ہزار کی کامیاب بولی سے اپنے نام کی ۔ نیلامی کے لیے 102 گاڑیاں پیش کی گئیں جن میں  34 نان امپورٹڈ ،41 امپورٹڈ جبکہ  27 گاڑیاں پروٹیکٹڈ تھیں۔ نیلامی میں 1986 ماڈل کی گاڑیاں بھی رکھی گئی تھیں ۔ سب سے زیادہ کامیاب بولی 2 کروڑ 74 لاکھ لینڈ کروزر 2015 ماڈل اور کم سے کم بولی  2 لاکھ 95 ہزار مہران 2005 کی لگائی گئی ۔ اکیس امپورٹڈ اور20بلٹ پروف گاڑیاں نیلام نہ ہو سکیں ، سعودی شہزادے فہد بن سلطان کی جانب سے سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کو تحفہ میں دی جانے والی لیکسز جیپ بھی بولی دہندگان کو متاثر نہ کر سکی ۔ دو بم پروف مرسڈیز مے بیک سب کی نگاہوں کا مرکز تھیں ان کی بولی 16 کروڑ 50 لاکھ سے شروع ہوئی مگر کسی خریدار نے بولی میں حصہ نہ لیا ۔رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور نے 9 کروڑ کی بولی لگائی جسے کمیٹی نے مسترد کر دیا ۔ نیلامی کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے نیب، ایف آئی اے اور آئی بی حکام بھی موجود رہے۔ وزیراعظم ہاؤس کے ایڈمنسٹریٹر میجر آصف کا کہنا تھا گاڑیوں کی نیلامی کا ہدف 1 ارب روپے تھا تاہم 18 سے 20 کروڑ حاصل ہو سکے۔ جو گاڑیاں نیلام نہیں ہوئیں ان کو دوبارہ نیلامی کے لیے ایف بی آر کے حوالے کیا جائے گا ۔