Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم ہاؤس کی 102 گاڑیوں کی نیلامی کا عمل جاری

وزیراعظم ہاؤس کی 102 گاڑیوں کی نیلامی کا عمل جاری
September 17, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم ہاؤس کی 102 گاڑیوں کی نیلامی کا عمل  جاری ہے ۔ وزیر اعظم ہاوس کی پہلی گاڑی کرولا الٹس 2010 ماڈل کی نیلامی مکمل ہو گئی۔ سیالکوٹ کے شہری فیصان ملک نے 11 لاکھ 20 ہزار کی کامیاب بولی سے گاڑی خریدی۔ پی ٹی آئی حکومت کے کفایت شعاری منصوبے پر عملدرآمد شروع ہو گئی۔ وزیراعظم ہاوس میں ایک سو دو گاڑیوں کی نیلامی ہو رہی ہے ۔ پہلے مرحلے میں نان امپورٹڈ گاڑیاں فروخت کی جارہی ہیں۔ دوسرے مرحلے میں امپورٹڈ اور تیسرے مرحلے میں بلٹ پروف گاڑیوں کی نیلامی ہو گی۔ پرائم منسٹر ہاؤس میں نیلامی کے لیے موجود گاڑیوں میں چونتیس نان امپورٹڈ، اکتالیس امپورٹڈ اور ستائیس بلٹ پروف گاڑیاں شامل ہیں۔ گاڑیوں کی نیلامی سے کروڑوں روپے کی آمدن ہو گی۔ گاڑیوں کی نیلامی میں حصہ لینے کے لیے آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سادگی کی طرف قدم بڑھا کر اچھا اقدام کیا ہے۔ خزانے پر بوجھ کم ہو گا۔ ملک اور قوم کا فائدہ ہے۔ شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کی سادگی مہم پوری قوم کے لیے مثال ہے۔ ملک کی بہتری کے لیے سب کو حصہ لینا چاہیے اور حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔