Sunday, September 8, 2024

وزیراعظم ہاؤس کلیننگ کریں لیکن پاکستان کو تماشا نہ بنائیں :چودھری نثار

وزیراعظم ہاؤس کلیننگ کریں لیکن پاکستان کو تماشا نہ بنائیں :چودھری نثار
September 19, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخارجہ خواجہ آصف کے بیان اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی طرف سے ان کے موقف کی تائید پر چوہدری نثارعلی خان کی کڑی تنقید ہوئی کہتے ہیں کہ وزیراعظم گھر کی صفائی ضرور کریں انھیں کس نے روکا ہے ؟مگر ایسے بیان سے پاکستان کو دنیا میں تماشا نہ بنائیں۔قومیں ہتھیاروں سے نہیں یونیورسٹیوں سے بنتی ہیں

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے خواجہ آصف کے بیان اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی تائید پر انھیں آڑے ہاتھوں لیا ہے ۔ چوہدری نثار نے اسلام آباد میں صحافیوں کے گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  وزیراعظم گھر کی صفائی ضرور کریں انہیں کس نے روکا ہے؟ مگر اس بیانیے سے پاکستان کو دنیا میں تماشا نہ بنائیں۔

 انہوں نے کہا کہ ہمارے اندر جو بھی کوتاہیاں یا کمزوریاں ہیں اس کاعلاج ہونا چاہیے۔ اہم حکومتی ذمہ دار لیڈر کے بیان سے دشمن کے بیانیے کو تقویت ملتی ہے اور وہ کہتا ہے کہ ساری دہشت گردی کی جڑ پاکستان ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو ان کی بات پر شک ہے تو خواجہ آصف کے بیان کے بعد بھارتی میڈیا کے تبصروں کا جائزہ اورمطالعہ کر لے جس میں کہا گیا کہ پاکستان تو اب وہ بات خود مان رہا ہے جو بھار ت کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے۔

 چوہدری نثار علی نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بھارت کے اندر ہندو انتہا پسند اوردہشت گرد تنظیمیں بڑی ڈھٹائی سے اپنے مکروہ عزائم میں کمربستہ ہیں کبھی بھارتی حکومت یا ان کے سیاستدانوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا۔ وہاں تو معزز لوگوں کے منہ کالے کئے جاتے ہیں غیر ملکی مہمانوں پر تشدد کیا جاتا ہے اور مسلمانوں اور اقلیتوں کو بے دردی سے گائو ماتا کی بے حرمتی کے شک پر قتل کردیا جاتا ہے۔