Wednesday, April 24, 2024

وزیراعظم کے معاونین خصوصی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست مسترد

وزیراعظم کے معاونین خصوصی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست مسترد
July 30, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم کے معاونین خصوصی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست مسترد ہو گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے معاونین کی دہری شہریت کے کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے وزیراعظم کے معاونین خصوصی کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق درخواست ناقابل سماعت قرار دے خارج کر دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے چار صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے قرار دیا دہری شہریت والا بھی پاکستانی ہے۔ حب الوطنی پر شک نہیں کیا جا سکتا۔ وزیر اعظم اکیلے ریاست کا نظام نہیں چلا سکتے، معاون کا تقرر ان کا اختیار ہے، تعداد کی بھی کوئی پابندی نہیں۔ قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیر اعظم کے معاونین کو ہٹانے کیلئے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے تھے کہ وزیراعظم اپنی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے کسی کی مدد لے تو کیا حرج ہے؟، بتائیں آئین میں کہاں لکھا ہے معاونین دوہری شہریت نہیں رکھ سکتے؟ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ اگر وزیراعظم کو اتنا اختیار بھی نہ دیں تو نظام کیسے چلے گا؟۔