Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم کے ریلیف پیکیج کے ثمرات ، فروری میں مہنگائی کی شرح میں 1.04 فیصد کمی

وزیراعظم کے ریلیف پیکیج کے ثمرات ، فروری میں مہنگائی کی شرح میں 1.04 فیصد کمی
March 2, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کے ریلیف پیکیج کے ثمرات سامنے آنے لگے۔ فروری میں مہنگائی کی شرح میں 1.04 فیصد کمی ہوئی۔ وفاقی ادارہ شماریات نے اعداد و شمار جاری کر دیے۔ افراط زر کی شرح میں نمایاں کمی کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ فروری کے مہینے میں افراط زر کی شرح 14 اعشاریہ 6 فیصد سے کم ہو کر 12 اعشاریہ 4 فیصد پر آ گئی۔ شہری علاقوں میں مہنگائی 13.4 فیصد سے کم ہو کر 11.2 جبکہ دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح 14.2 فیصد تک آگئی۔ اشیا خرد ونوش میں افراط زر کی شرح 19.5 سے کم ہو کر 15.2 فیصد رہ گئی۔ وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو مہنگائی میں ہر ممکن حد تک کمی لانے کی ہدایت کر دی۔ ادارہ شماریات کے مطابق فروری میں سبزیاں 11.50 فیصد سستی ، پیاز 8.8، ٹماٹر کی قیمت میں 60 فیصد کمی ، آٹا 5.30 ، دال چنا 2.34 اور بیسن کے نرخ 2.33 فیصد گر گئے ۔ ایک ماہ میں انڈے 26 اور آلو 13 فیصد سستے ، جلد خراب ہونے والی اشیاء کی قیمتوں میں بھی 46 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ گذشتہ ایک ماہ کے دوران متعدد اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ بھی ہوا۔ گھی 13.15 فیصد، کوکنگ آئل 10.27 فیصد مہنگا ہوا۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ میں کہا کہ رواں ماہ اشیاء خردونوش کی قیمتوں میں مذید کمی واقع ہو گی۔