Wednesday, May 8, 2024

وزیراعظم کے 2 معاونین خصوصی تانیہ ایدروس اور ظفر مرزا مستعفی

وزیراعظم کے 2 معاونین خصوصی تانیہ ایدروس اور ظفر مرزا مستعفی
July 29, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) ایک دن میں وزیراعظم کے دو معاون خصوصی مستعفی ہو گئے۔ معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے استعفیٰ دے دیا۔ استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو ارسال کر دیا۔ معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان پروگرام تانیہ ایدروس بھی مستعفی ہو گئی۔ تانیہ ایدروس نے استعفے میں لکھا ہے کہ رواں برس کے آغاز سے پاکستان کیلئے خدمات انجام دینا باعث عزت ہے، وزیراعظم کے اعتماد پر ان کی شکر گزار ہوں۔ استعفے میں تانیہ ایدروس نے مزید کہا ہے کہ میری کینیڈا کی شہریت پر تنقید کی جارہی ہے جو کہ میری خواہش پر نہیں بلکہ میری پیدائش وہاں ہونے پر مجھے ملی۔ ان کا کہنا میری دوہری شہریت کی وجہ سے ڈیجٹل پاکستان کا مقصد ماند پڑ رہا ہے۔ تانیہ ایدروس کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی ہیں اور ہمیشہ پاکستانی رہیں گی بلکہ بغیر کسی عہدے کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے لیے کام بھی جاری رکھیں گی۔ دوسری جانب ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو بھجوانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں عمران خان کا ڈبلیو ایچ او چھوڑنے کے حوالے سے ذاتی طور پر دعوت نامہ ملا تھا، میں نے محنت اور ایمانداری سے کام کیا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خدمت کرنا باعث فخر ہے، مجھے فخر ہے میں تب چھوڑ رہا ہوں جب پاکستان میں کورونا کم ہورہا ہے۔ کورونا وائرس میں کمی گرینڈ قومی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا اور تانیہ ایدروس کے استعفے منظور ہو گئے۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے نوٹیفیکیشنز جاری کر دیئے۔