Friday, April 26, 2024

وزیراعظم کیلئے سعودی ولی عہد کا طیارہ نیو یارک واپس نہیں بلایا گیا تھا ، حکومتی ترجمان

وزیراعظم کیلئے سعودی ولی عہد کا طیارہ  نیو یارک واپس نہیں بلایا گیا تھا ، حکومتی ترجمان
October 6, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) حکومتی ترجمان نے کہا وزیراعظم عمران خان کے لیے سعودی ولی عہد کا طیارہ کینیڈاسے نیو یارک واپس نہیں بلایا گیا تھا۔ حکومتی ترجمان نے ہفتہ وار میگزین میں شائع ہونے والی رپورٹ کی تردید کر دی اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم کے طیارے کو کینیڈا سے واپس نیویارک بلانے کی خبر کو من گھڑت قرار دے دیا۔ حکومتی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کی قیادتیں انتہائی خوشگوار اور برادرانہ تعلقات سے لطف اندوز ہوتی ہے۔ ہفتہ وار میگزین میں شائع ہونے والی رپورٹ میں عالمی رہنماوٴں کے ساتھ وزیر اعظم کی کامیاب بات چیت کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ۔ رپورٹ میں ترکی اور ملائشیا کے رہنماوٴں سے وزیر اعظم کی ملاقاتوں پرخود ساختہ نظریہ بنایا گیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی حالت زار کی جانب مبذول کرائی۔ حکومتی ترجمان نے کہا کہ آرٹیکل کا مقصد سیاسی فوائد کے لئے 2 ممالک کے برادرانہ تعلقات کو سبوتاژ کرنا ہے۔ حزب اختلاف کی مایوسی کا انکشاف اسلامی ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش سے ہوتا ہے۔ مفادات کے حامل افراد ہی اس طرح کے اشتعال انگیز اور بے بنیاد دعووں کے ساتھ سامنے آئیں گے۔ دورہ امریکا سے واپسی پر وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کا خصوصی طیارہ استعمال کیا لیکن طیارے میں فنی خرابی کے باعث انہیں واپس امریکا جانا پڑا تھا۔