Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم کی یوسف رضا گیلانی کے گھر آمد‘ بیٹے کی رہائی پر مبارکباد دی

وزیراعظم کی یوسف رضا گیلانی کے گھر آمد‘ بیٹے کی رہائی پر مبارکباد دی
May 21, 2016
لاہور (92نیوز) وزیراعظم نواز شریف نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انھیں بیٹے علی حیدر گیلانی کی رہائی پر مبارکباد دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف لاہور میں یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ پر پہنچے اور گیلانی فیملی کو علی حیدر کی بازیابی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر وزیراعظم کی اہلیہ کلثوم نواز اور صاحبزادے حسین نواز بھی موجود تھے۔ انہوں نے سابق وزیراعظم کو مٹھائی، گلدستہ اور پھلوں کا ٹوکرا پیش کیا۔ یوسف رضا گیلانی نے بیٹے کی بازیابی کے حوالے سے حکومتی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گیلانی خاندان ملک میں جاری دہشت گردی کا نشانہ بنا تاہم ان کے صاحبزادے بحفاظت واپس آ گئے۔ حکومت قوم کے تعاون سے دہشت گردی کا خاتمہ کرے گی جس سے ملک کا امن لوٹ آئے گا۔ چند روز پہلے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے بھی سابق وزیراعظم سے ان کے گھر جا کر ملاقات کی تھی جو پاناما لیکس کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماوں کے درمیان پہلا بڑا رابطہ تھا۔