Friday, March 29, 2024

وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزرا سے اضافی سکیورٹی واپس لینے کا عمل شروع ہوگیا

وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزرا سے اضافی سکیورٹی واپس لینے کا عمل شروع ہوگیا
July 11, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزراسے اضافی سکیورٹی واپس لینے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ متعدد وفاقی وزرا سے سکیورٹی واپس لے لی گئی۔اب صرف دو پولیس اہلکار ہی ڈیوٹی پر معمور ہوں گے۔

کابینہ ڈویژن اور اسلام آباد پولیس نے وزراء سے اضافی سکیورٹی واپس لے لی ہے۔ ذرائع کے مطابق اب تک سپیکر، ڈپٹی سپیکر سمیت سات وزراء سے اضافی سکیورٹی واپس منگوائی گئی ہے۔ اضافی نفری واپس لینے کا فیصلہ آئی جی اسلام آباد کی وزیراعظم عمرا ن خان سے ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک وزیر کے پاس پانچ اہلکار سکیورٹی پر تعینات تھے جن میں سے تین کو واپس بلا لیا گیا ہے۔ اب دو پولیس اہلکار ہی ڈیوٹی پر معمور ہوں گے۔ چیئرمین سینیٹ کو دی گئی اضافی سکیورٹی واپس نہیں لی جارہی ہے اور وہ یوں ہی برقرار رہے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شیریں مزاری اور پرویز خٹک سمیت متعدد وزراء سے اضافی سکیورٹی واپس لی گئی ہے۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ کابینہ اجلاس میں پروٹوکول ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔