Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم کی ہدایت پر ترکی میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے اقدامات شروع

وزیراعظم کی ہدایت پر ترکی میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے اقدامات شروع
July 2, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ترکی میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے اقدامات شروع کر دیے گئے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے اور نادرا سمیت دیگر افسران پر مشتمل ٹیم آج ترکی روانہ ہو گی۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون سلطان خواجہ بھی ٹیم کا حصہ ہیں ۔ ٹیم ترکی میں پھنسے پاکستانیوں کی تفصیلات اور واپسی سے متعلق شواہد اور ڈیٹا جمع کرے گی ۔ ٹیم 10 دن تک ترکی میں قیام کرے گی۔ ٹیم ترکی کے حکام سے جیلوں میں قید پاکستانیوں سے متعلق مختلف اجلاسوں میں بھی شرکت کرے گی۔ دوسری طرف وزیراعظم آفس نے وزارت خارجہ کو بیرون ملک قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے خط لکھ دیا  جس میں کہا گیا کہ وزارت خارجہ بیرون ملک پاکستانیوں کی رہائی کے لیے فوری اقدامات کرے۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے خط کے متن میں کہا گیا کہ قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے وزیراعظم آفس اور وزارت خارجہ کے درمیان ٹاسک مینجمنٹ سسٹم قائم کر دیا ہے ۔ معمولی سزا یا جرمانہ نہ ادا کیے جانے کی وجہ سے قید پاکستانیوں کی فوری رہائی کے اقدامات کیے جائیں۔ جن ممالک کے ساتھ اچھے سفارتی تعلقات ہیں ان سے قیدیوں کی بلامعاوضہ رہائی کی بات کی جائے۔ جو خاندان جرمانے کی رقوم ادا نہیں کر سکتے حکومت جرمانہ ادائیگی میں انکی مدد کرے گی۔