Wednesday, April 24, 2024

وزیراعظم کی ہدایت پر اداروں کی بہتری کیلئے ٹیم بنائی گئی، شبلی فراز

وزیراعظم کی ہدایت پر اداروں کی بہتری کیلئے ٹیم بنائی گئی، شبلی فراز
November 20, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کہتے ہیں کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اداروں کی بہتری کے لیے ٹیم بنائی گئی ہے۔ اپوزیشن ضد چھوڑ دے، جلسے جلوسوں سے کورونا کیسز میں اضافہ ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ اداروں کی بہتری کے لیے بنائی گئی ٹیم کی سربراہی ڈاکٹرعشرت حسین کررہے ہیں۔ ماضی میں تمام قومی اداروں میں غیرضروری اور اضافی بھرتیاں کی گئیں، جس سے اداروں کو نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت مقبولیت کے لیے نہیں، ملکی بہتری کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ حکومت نے کبھی نہیں کہا ہم اتنی نوکریاں دیں گے، ہم نوکریوں کے لیے ماحول پیدا کریں گے۔ شبلی فراز بولے کہ اپوزیشن جماعتوں نے سیاسی دکان چمکانے کے لیے پی ڈی ایم کی تحریک شروع کررکھی ہے، اپوزیشن کی جماعتیں ضد میں پڑ کر عوام کی جانیں خطرے میں نہ ڈالیں۔ کورونا کوئی سیاسی بات نہیں، عالمی حقیقت ہے اس سے ہمیں بچنا ہوگا۔ اُن کا کہنا تھا کہ سیاست کے نام پر یہاں بہت کچھ ہوتا ہے، کورونا کوئی ہماری حکومت کی ذہنی اختراع نہیں بلکہ حقیقت ہے، شبلی فراز اگر ہم نے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کیں تو ہمارا حال بھی ہمارے ہمسائے ممالک کی طرح ہوگا۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے کیسز بڑھے تو اسپتالوں پر دباؤ بڑھے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری اپوزیشن کی ہوگی۔