Wednesday, May 8, 2024

وزیراعظم کی ٹرانسپورٹ کھولنے کی اپیل پر 2 صوبے راضی

وزیراعظم کی ٹرانسپورٹ کھولنے کی اپیل پر 2 صوبے راضی
May 15, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی ٹرانسپورٹ کھولنے کی اپیل پر دو صوبوں نے ہاں اور دو نے ناں کردی۔ خیبرپختونخوا حکومت نے پیر سے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا اعلان کردیا۔۔ پنجاب حکومت نے بھی عید سے پہلے پبلک ٹرانسپورٹ کی بحالی کا فیصلہ کیا، جبکہ سندھ اور بلوچستان نے فوری طور پر پبلک ٹرانسپورٹ بحال نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چینل 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کھولنے سے متعلق حکومت نے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا، مشاورت کے بعد فیصلہ ہو گا۔ ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی بولے کہ خدشہ ہے تاجروں کی طرح ٹرانسپورٹ کھولنے پر بھی ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہو گا، صورتحال دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے کہا کہ صوبے میں عوام کی سہولیات کے پیش نظر پیر کے روز ٹرانسپورٹ کھول دی جائے گی۔ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیراعظم کا حکم ہے لیکن ایس او پیز طے کر کے ٹرانسپورٹ کھولیں گے۔ تاجروں کے دباؤ پر حکومت نے بازار اور مارکیٹیں تو کھول دیں لیکن عوام اور دکانداروں نے ایس او پیز پر عمل نہیں کیا۔ پبلک ٹرانسپورٹ  بحال ہوتی ہے تو حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد صوبائی حکومتوں کے لئے بڑا چیلنج ہو گا۔