Sunday, May 12, 2024

وزیراعظم کی منتخب ٹیم سے عوام کو سوائے مایوسی کے کچھ نہیں ملا، سراج الحق

وزیراعظم کی منتخب ٹیم سے عوام کو سوائے مایوسی کے کچھ نہیں ملا، سراج الحق
December 7, 2019
لاہور (92 نیوز) وزیراعظم کی منتخب ٹیم سے عوام کو سوائے مایوسی کے کچھ نہیں ملا، حکومت کا ایک ہی اصول ہے لوگوں کو نچوڑو، آئی ایم ایف کو خوش کرو، سراج الحق تنقید کرتے ہوئے مزید بولے کہ اپوزیشن کے ساتھ ان ہائوس تبدیلی پر مشاورت نہیں ہوئی، ہم چاہتے ہیں تبدیلی سے پہلے مکمل اتفاق قائم کیا جائے۔ امیر جماعت اسلامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اس وقت پاکستان آندھیوں کی زد میں ہے، پاکستان ایک دلدل میں پھنس گیا ہے، 22 کروڑ عوام مہنگائی اور بیروزگاری سے پریشان ہیں، یوتھ کے نام پر نوجوانوں کیساتھ زیادتی کی گئی، تبدیلی کے نام پر ایک حکومت لائی گئی، سبزباغ دکھائے گئے، بڑے بڑے اعلانات کیے گئے، حکومت سمجھتی ہے اعلانات اور بیانات سے قوم کو پیٹ بھر جائے گا۔ سراج الحق کا کہنا تھا 15 ماہ میں حکومت نے 4 ہزار200 پریس کانفرنسز کیں، خیال تھا کرکٹ میں مہارت رکھنے والا وزیراعظم کرکٹ تو ٹھیک کرے گا، ہماری کرکٹ ٹیم آسٹریلیا سے وائٹ واش ہوکر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان بنانے کیلئے باہر سے خاتون کولایا گیا ہے، ڈیجیٹل پاکستان بنانے سے پہلے پرانا پاکستان تو بحال کرو، ڈیجیٹل پاکستان سے پہلے پٹرول، ڈالر، گھی، ٹماٹر اور ڈیزل کی پرانی قیمت بحال کرو، خود حکومتی وزرا کہتے ہیں 15 ماہ میں 20 لاکھ لوگ بیروز گار ہوگئے، خسارہ ختم ہوگیا ہے تو اب مہنگائی کو بھی ختم کرو۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو روزگار دینے کے بجائے لنگر خانوں کا رخ دکھایا گیا، حکومت کچھ نہ کرتی لیکن 15 ماہ میں اپنے اعلانات پر چوزے تو تقسیم کرتی، موجودہ حکومت بھی پرانی حکومتوں کا تسلسل ہے، حکومت کے پاس ملکی ترقی کیلئے کوئی وژن نہیں ہے۔