Friday, March 29, 2024

وزیراعظم کی مسلح افواج کو چوکس رہنے کی ہدایت

وزیراعظم کی مسلح افواج کو چوکس رہنے کی ہدایت
August 7, 2019

 اسام آباد (92 نیوز) پاکستان کی شہ رگ مقبوضہ کشمیر پر ہاتھ ڈالنے کے ناپاک بھارتی اقدام کیخلاف قومی سیاسی اور عسکری قیادت  نے بھارت کو مؤثر جواب دے دیا۔ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے اہم فیصلے سامنےآ گئے ۔

وزیراعظم نے مسلح افواج کو چوکس رہنے کی ہدایت کر دی۔ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں 14 اگست کا دن کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان نے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود کرنے کا اعلان کر دیا۔ اے ایف پی کے مطابق پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر کو نکالنے اور نئی دہلی سے اپنا ہائی کمشنر واپس بلانے کا فیصلہ کر لیا۔

پاکستان کا بھارت کے ساتھ دوطرفہ تجارت  معطل کرنے کا اعلان بھی سامنے آیا۔ پاکستان بھارت سے اپنے باہمی تعلقات پر نظر ثانی کرے گا۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں اٹھائے گا۔

پاکستان نے یوم آزادی کشمیریوں کیساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کے طور پر منانے کا اعلان  کردیا جبکہ 15 اگست کو بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے   کشمیریوں پر بھارتی مظالم آشکار کرنے کیلئے تمام سفارتی ذرائع بروئے کار لانے  کی ہدایت کر دی۔ مسلح افواج کو ہمہ وقت چوکس رہنے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے ۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت دو دن میں قومی سلامتی کمیٹی کا دوسرا اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی  وزرا اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت قومی سلامتی کے اداروں کے سربراہان شریک ہوئے۔