Friday, April 19, 2024

وزیراعظم کی ماضی کے تمام فضائی حادثوں کی رپورٹیں سامنے لانے کی ہدایت

وزیراعظم کی ماضی کے تمام فضائی حادثوں کی رپورٹیں سامنے لانے کی ہدایت
May 28, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم نے ماضی کے تمام فضائی حادثوں کی رپورٹیں سامنے لانے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی آئی اے مسافر طیارہ حادثے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے حادثے کی شفاف اور غیر جانبدار انکوائری اور واقعے سے جڑے حقائق کو منظر عام پر لانے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے طیارہ حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر یہ حادثہ قوم کے لئے ایک بڑا سانحہ ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں وہ غم زدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ متاثرین کو یقین دلاتے ہیں کہ افسوس ناک واقعے میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے ماضی میں ہونے والے ہوائی حادثوں کی رپورٹس بھی منظر عام پر لانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہوائی سفر کو محفوظ بنانے کے لئے ضروری ہے کہ سول ایوی ایشن، پی آئی اے، متعلقہ اداروں اور ہوائی سفر سے منسلک عوامل میں اصلاحات کے عمل کو تیز کیا جائے۔ وزیراعظم نے اجلاس میں ہدایت کی کہ شہید ہونے والے مسافروں کے خاندانوں کو ہر ممکنہ سہولت اور معاوضے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ جن کے گھر یا املاک حادثے سے متاثر ہوئے انہیں معاوضہ ادا کیا جائے۔