Sunday, September 8, 2024

وزیراعظم کا گورنر ہاؤس لاہور کی دیواریں ختم کر کے جنگلے لگانےکا حکم

وزیراعظم کا گورنر ہاؤس لاہور کی دیواریں ختم کر کے جنگلے لگانےکا حکم
December 1, 2018
لاہور ( 92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے  گورنر ہاؤس کی دیواریں ختم  کرکے جنگلے لگانے کا حکم دے دیا، وزیراعلیٰ اورصوبائی وزراء کی سو دن کی کارکردگی کا جائزہ لیا، تقرروتبادلوں کا نظام سیاست سے پاک کرنے، مہنگائی کنٹرول کرنے اور وزراء کو اپنی کارکردگی پریس کانفرنس میں بتانے کی ہدایت کردی۔ وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کے اجلاس میں گورنرہاؤس کی دیواریں چوبیس گھنٹے میں ختم کرنے کاحکم دے دیا ۔ صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم نے وعدے کے مطابق گورنرہاؤس کی دیوارگرانے کاکہاجس پراڑتالیس گھنٹے میں عملدرآمد شروع ہوجائے گا ۔ وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورہ  پر لاہور پہنچے  تھے ، انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب  عثمان بزدار سے سے  ملاقات کی ۔دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں  صوبے کے انتظامی اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیاجب کہ وزیراعظم نےوزیراعلیٰ کو تمام مسائل کے حل کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت بھی کی ۔ بعد ازاں لاہور چیمبر آف کامرس کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے برآمد کنندگان کو سہولیات دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ  روپے کی قدر میں کمی سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ، اخراجات جاریہ کا خسارہ کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے ملک ترقی کرے گا سعودی عرب ،چین اور یواے ای سے مثبت ردعمل آیا، کٹوں کی بات کو لوگوں نے عجیب سمجھا لیکن حلال گوشت کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں  ۔ وزیراعظم عمران خان نے گورنر پنجاب چودھری سرور سے بھی ملاقات کی ۔ذرائع کے مطابق چودھری سرور گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے  سے متعلق امور کی نگرانی کریں گے۔ وزیراعظم  نے لاہور میں مصروف دن گزارا اور زمان پارک پہنچے، اس موقع پرسکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ اس سے پہلے وزیراعظم کی لاہور آمد پروزیراعلیٰ نے ان کااستقبال کیا ۔ وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم نے  گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے کا حکم دیاہے، 48 سے72 گھنٹوں کے دوران عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔ فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں  وزیراعظم نے مہنگائی کنٹرول کرنے کے اقدامات پرزوردیا ، ٹرانسفر پوسٹنگ پر بھی تحفظات کا اظہار کیااورواضح کہا کہ ٹرانسفر پوسٹنگ میں کسی منسٹر کا نام نہ آئے ۔ فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ  عمران خان نے بطور وزیراعظم 18کروڑ روپے کی بچت کی ہے ۔