Saturday, April 20, 2024

وزیراعظم کی فارن فنڈنگ کیس پر عوام کو حقائق سے آگاہ کرنیکی ہدایت

وزیراعظم کی فارن فنڈنگ کیس پر عوام کو حقائق سے آگاہ کرنیکی ہدایت
November 25, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس پر حقائق عوام کے سامنے لانے کی ہدایت کردی۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں ملکی سیاسی، معاشی اور قانونی معاملات پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل انور منصور نے مبینہ غیر ملکی اور ممنوعہ فنڈنگ کیس پر حکومتی ترجمانوں کو بریفنگ دی اور بتایا پریشانی کی کوئی بات نہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں اپوزیشن کی اے پی سی پر دلچسپ تبصرہ کیا اور کہا کہ اپوزیشن اپنی خفگی مٹانے کے لیے اے پی سی اور احتجاج کر رہی ہے، عوام نے اپوزیشن کے احتجاج کو مسترد کردیا یہ عوامی حمایت کھو چکے اب چار سال انتظار کریں۔ عمران خان نے کہا فارن فنڈنگ کیس سے کوئی پریشانی نہیں، تحریک انصاف کا دامن صاف ہے، دونوں بڑی جماعتوں کے رہنمائوں نے منی لانڈرنگ سے پیسہ بنایا۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب نے 24 گھنٹے میں دوسری ملاقات کی، جس سے صوبے میں تبدیلیوں کا امکان بڑھ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں انتظامی عہدوں پر تبدیلیوں کیلئے فہرست تیار کر لی گئی ہے۔ چیف سیکرٹری، 7 سیکرٹریز، 4 کمشنرز، 15 ڈی پی اوز، 1آر پی او اور 17 ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے پنجاب کے انتظامی معاملات پر تحفظات کا اظہار کیا تھا جس پر وزیراعظم نے انتظامی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا۔