Friday, April 26, 2024

وزیراعظم کی عوام کو ماسک پہننے کی اپیل

وزیراعظم کی عوام کو ماسک پہننے کی اپیل
May 6, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے عوام کو ماسک پہننے کی اپیل کر دی۔

وزیراعظم نے رائیونڈ میں پنجاب پیری اربن کم لاگت ہاؤسنگ منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعظم کو رائیونڈ میں کم لاگت ہاؤسنگ منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر مملکت فرخ حبیب بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

اپنے خطاب میں کہا بھارت میں کورونا سے بہت خراب صورتحال ہے۔ کورونا سے نمٹنے کیلئے صلاحیت دگنی نہ کرتے تو ہمارے حالات بھی بھارت جیسے ہوتے۔ کورونا وبا صرف ماسک سے کنٹرول ہو سکتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا لاہور میں آہستہ آہستہ کچی آبادی بنتے دیکھا۔ لاہور میں پالوشن نہیں ہوتی تھی۔ زمینوں کی قیمتیں بڑھنے سے کچی آبادیاں بننے شروع ہو گئیں۔ کچی آبادیوں کا مقصد نہ بجلی، نہ پانی، نہ سیوریج سسٹم۔ کبھی کسی نے نہیں سوچا یہ لوگ کیسے رہ سکتے ہیں۔ قبضہ مافیا کمزور لوگوں اور حکومت کی زمینوں پر قبضہ کرتے تھے۔ بڑے بڑے لوگ اچھی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں گھر بنا لیتے۔ انہوں نے کہا اپنے عام آدمی کو اوپر نہ اٹھانے والا معاشرہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔ مدینہ میں آتے ساتھ ہی دودھ کی نہریں بہنا شروع نہیں ہو گئی تھیں۔ ہمارے سے پہلے بہت قومیں تباہ ہوگئیں جہاں غریب کیلئے الگ قانون اور امیر کیلئے الگ قانون ہوتا تھا۔ گزشتہ 74 سالوں میں ایک مخصوص طبقے نے ملک پر حکمرانی کی۔ ماضی میں کسی نے تعلیم پر توجہ نہیں دی۔ طاقتور کو قانون کے نیچے لیکر آنا ہے، کمزور کو اوپر اٹھانا ہے۔

وزیراعظم عمران خان بولے پاکستان میں ہاؤسنگ کیلئے صرف 0.2 فیصد لوگوں کو قرض دیا جاتا ہے۔ امیروں اور غریبوں کیلئے علاقے الگ ہو گئے۔ بینک اپنے اسٹاف کی تربیت کریں، ان کو معلوم ہی نہیں غریب آدمی کو کیسے قرض دینا ہے۔ جتنا کرایہ آج عام آدمی دے رہا ہے وہی قرض کی قسطوں میں چلا جائے گا۔ کچی آبادیوں کیلئے ایک نیا پلان بنایا ہوا ہے۔ ملک کی اکانومی اٹھانے کا طریقہ ہے ملک میں ہاؤسنگ شروع کر دیں۔ تھوڑی سی ڈویلپمنٹ سے ٹورازم سے یہ ملک پیسہ کما سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا آنے والے دنوں میں ہماری محنت کا پھل نظر آئے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے عام آدمی کو اپنا گھر مل جائے گا۔ کسان کارڈ کسانوں کیلئے انقلابی قدم ہو گا۔

 اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا ہاؤسنگ پراجیکٹ کا دائرہ کار ہر تحصیل تک بڑھائیں گے۔ ہر گھر کا رقبہ ساڑھے 3 مرلہ ہو گا۔ حکومت ہر گھر کیلئے 3 لاکھ روپے کی سبسڈی دے گی۔ تعمیراتی کام کی ذمہ داری ایف ڈبلیو او کو دی گئی ہے۔ پنجاب بینک قرض کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔ حکومت عوام کو سستے گھر دینے کا کام جہاد سمجھ کر رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں 10 ہزار گھر بنائے جا رہے ہیں۔