Friday, April 26, 2024

مسئلہ کشمیر پر وزیراعظم کی نیویارک میں عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتیں جاری

مسئلہ کشمیر پر وزیراعظم کی نیویارک میں عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتیں جاری
September 21, 2016
نیویارک (92نیوز) وزیراعظم میاں نوازشریف کی عالمی رہنماوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردگان اور جاپان کے وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے ترکی کے صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نوازشریف نے ملاقات میں ترک صدر کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کے بارے میں آگاہ کیا اور نیوکلئیر سپلائرز گروپ میں ترکی کے تعمیری کردار کو سراہا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ آزاد تجارتی معاہدے سے دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافہ ہو گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے ترکی میں ہونے والے حالیہ بم دھماکوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا پاکستان اور ترکی یک جان دو قالب ہیں۔ دونوں ملک اچھے اور برے وقت کے ساتھی ہیں۔ رجب طیب اردگان کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی کا انسانی حقوق کمیشن حقائق جاننے اور بھارتی مظالم کا جائزہ لینے مقبوضہ کشمیر جائے گا۔ اس سے پہلے وزیراعظم میاں نوازشریف نے جاپانی وزیراعظم سے بھی ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے جاپان کے وزیراعظم کو آپریشن ضرب عضب میں ملنے والی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ نیشنل ایکشن پلان سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جاپان پاکستان کا ایک اچھا دوست ہے جس کے ساتھ کئی شعبوں میں پاکستان کی شراکت داری ہے۔