Friday, May 17, 2024

وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے اہم ملاقات، اسٹریٹجک تعلقات پر زور دیا

وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے اہم ملاقات، اسٹریٹجک تعلقات پر زور دیا
December 15, 2019
ریاض ( 92 نیوز) وزیراعظم کی ایک روزہ دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوئی، عمران خان نے پاکستان اور سعودی عرب  کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کی اہمیت پرزور دیا، مشرق وسطیٰ کے تنازعات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی تجویز بھی دی۔ دورہ سعودی عرب سے متعلق جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطی میں تنازعات ختم کرنے اور تناو کم کرنے میں کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان خطے اور دنیا کے امن کے لئے تمام تر کوششوں میں مدد فراہم کرے گا ، وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد  میں پاک سعودیہ تعلقات کو نئی جہت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے جی 20 کی صدارت ملنے پر سعودی ولی عہد کو مبارکباد بھی دی۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا، اس سے پہلے مدینہ منورہ پہنچنے پر وزیراعظم نے روضہ رسولﷺ پر حاضری دی، وزیراعظم نے ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ دورہ مکمل ہونے پر سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کو رخصت کیا، محمد بن سلمان خود گاڑی ڈرائیو کر کے وزیراعظم کو ایئرپورٹ لائے۔ مئی 2019 کے بعد وزیر اعظم عمران خان کا سعودی عرب کا یہ چوتھا دورہ تھا، مسلسل روابط اسٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ سیاحت کے فروغ سے متعلق سعودی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔