Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم کی سانحہ ساہیوال کے فیصلے پر پنجاب حکومت کو اپیل دائر کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی سانحہ ساہیوال کے فیصلے پر پنجاب حکومت کو اپیل دائر کرنے کی ہدایت
October 25, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم نے سانحہ ساہیوال کے حوالے سے خصوصی عدالت کے فیصلے پر پنجاب حکومت کو اپیل دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ میں لکھا کہ عمران خان نے کیس کی پیروی میں استغاثہ کی کمزوری اور خامیوں کی تحقیقات کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کیا کہ بچوں کے سامنے ان کے والدین پر گولیاں برسانے کی ویڈیو پوری قوم نے دیکھی۔ حکومت معصوم بچوں کو انصاف دینے کیلئے پرعزم ہے۔ https://twitter.com/Dr_FirdousPTI/status/1187637470432813056 گزشتہ روز انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سانحہ ساہیوال کے تمام ملزم بری کر دیے تھے ، ملزمان کو  شک کا فائدہ دے کر بری کیا تھا۔ https://twitter.com/Dr_FirdousPTI/status/1187637524946137089 سانحہ ساہیوال کے مقتول ذیشان کے بھائی احتشام سمیت مجموعی طور پر 49 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے تھے ، مقتول خلیل کے بچے عمیر ، منیبہ اور بھائی جلیل سمیت دیگر گواہان نے اپنے بیانات قلمبند کرائے تھے ۔ عدالت نے شک کا فائدہ دیتے ہوئے تمام  ملزموں کو بری کر دیا۔ سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے 19 جنوری کو ساہیوال کے قریب مبینہ مقابلے میں  گاڑی پر فائرنگ  کی جس میں دوخواتین  سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ مرنے والے 4 افراد کی  پوسٹمارٹم رپورٹ  کے مطابق مرنے والوں کو ایک سے 10 فٹ کے فاصلے سے گولیاں ماری گئیں ،  خلیل کے جسم میں 13 گولیاں لگیں ،سر پر لگنے والی گولی سے موت واقع ہوئی۔