Thursday, March 28, 2024

وزیرِاعظم کی زیرقیادت تاریخی ریلیف پیکج پر عملدرآمد جاری ہے، فیاض الحسن چوہان

وزیرِاعظم کی زیرقیادت تاریخی ریلیف پیکج پر عملدرآمد جاری ہے، فیاض الحسن چوہان
April 27, 2020

لاہور (92 نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں وزیرِاعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکج پر عملدرآمد جاری ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ شہباز شریف لیپ ٹاپ چلانا سیکھ لیں تو احساس انفارمیشن پورٹل پر تمام تفصیل پڑھ سکتے ہیں۔ غریب، مزدور، دیہاڑی دار طبقہ کو راشن اور امدادی رقوم تقسیم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام کابینہ ممبران، ایم پی ایز انتظامیہ کے تعاون سے کورونا کے خلاف عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ آج پورے ملک کی غریب عوام ہاتھ اٹھا کر وزیر اعظم عمران خان کو دعائیں دے رہی ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے کورونا ایشو پر سیاست چھوڑ کر صرف عوام کی فلاح کو مدِنظر رکھا۔ افسوس کہ ن لیگی قیادت نے عوامی خدمت کا یہ نادر موقع بھی سیاست کی نذر کر دیا۔ ن لیگ کو یہ حقیقت ہضم نہیں ہو رہی کہ وہ ملکی سیاست سے آؤٹ ہو چکی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ مریم اورنگزیب کے موجودہ آقا صرف بڑھکیں مار کر خود ساختہ قرنطینہ میں چلے گئے۔ بے ڈھنگے بیان دے کر ن لیگ خبروں میں تو آ سکتی ہے، دوبارہ سیاست میں نہیں۔