Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کااجلاس،سوروزہ پلان سے متعلق بریفنگ ‏دی گئی ‏

وزیراعظم کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کااجلاس،سوروزہ پلان سے متعلق بریفنگ ‏دی گئی ‏
October 7, 2018
وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے پنجاب کی کابینہ کے ارکان  سے ملاقات کی ، وزیرِ اعظم کو 100روزہ پلان پر عملدرآمد اور قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن پر بریفنگ دی گئی ۔ وزیرِ اعظم نے  نئے بلدیاتی نظام اور ہاؤسنگ اسکیم کے خدوخال سے ارکان  کابینہ کو آگاہ کیا، وزیرِ اعظم کی  آمد پر زمان پارک میں احتجاج کرنے والوں کو  پولیس نے دھر لیا۔ وزیرِ اعظم  عمران خان کے مختصر دورۂ لاہور پر بذریعہ ہیلی کاپٹر ایئرپورٹ سے گورنر ہاؤس پہنچے  جہاں انہوں نے سیر و تفریح کے لیے آئے شہریوں کو ہاتھ ہلاکر سلام کا جواب دیا۔ وزیرِ اعظم نے دورے کے آغاز میں گورنر پنجاب اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے خصوصی ملاقات کی اورکابینہ سے بیٹھک کاایجنڈا ڈسکس کیا ،  ذرائع کے مطابق کابینہ سے ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان کو 100روزہ پلان اور پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ جبکہ وزیرِ اعظم نے نئے بلدیاتی نظام  اور کم آمدن والے شہریوں کے لیے رہائشی منصوبے کے خدوخال واضح کیے۔ ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ نئے بلدیاتی نظام کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے، اس نظام سے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہوگی اور مالی بےقاعدگیوں پر مکمل چیک ہوگا۔ وزیرِ اعظم نےپنجاب کابینہ کوبلدیاتی نطام سے متعلق بروقت قانون سازی کرنے کی ہدایت بھی کی ، وزیرِ اعظم نے صوبائی کابینہ کوملک گیر صفائی اورشجرکاری مہم میں بھی بھرپورساتھ دینے کی ہدایت کی۔ اس سے پہلے وزیرِ اعظم کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہر محکمۂ تعلیم اور دیگر اداروں کے متاثرین نے احتجاج  کیا ، احتجاج حد سے بڑھا تو پولیس نے مظاہرین کو گرفتار کر کے تھانہ ریس کورس منتقل کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانون نے خود 126 دن کا دھرنا دیا لیکن ہمیں احتجاج کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔