Friday, April 26, 2024

وزیراعظم کی زیرصدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ، پٹرولیم مصنوعات کے بحران سے متعلق بریفنگ

وزیراعظم کی زیرصدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ، پٹرولیم مصنوعات کے بحران سے متعلق بریفنگ
June 15, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کے بحران سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے اقدامات سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ کے خلاف انتظامی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت کی اجازت دینے کے وفاقی حکومت کے فیصلے کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ آٹے کی قیمتوں میں مزید کمی لانے کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی لانے کا مقصد عوام کو ہر ممکنہ ریلیف فراہم کرنا تھا۔ ہدایت کی کہ حکومتی فیصلے کے ثمرات ملک بھر کی عوام کو پہنچانے کے لئے تمام صوبائی چیف سیکرٹری مشترکہ حکمت عملی مرتب کریں۔ ملاوٹ کی عفریت ہمارے بچوں، بوڑھوں اور قوم کی صحت کی خرابی کا باعث بن رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں ملاوٹ کا تدارک کرنے کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ خالص اشیاء کا میسر آنا گڈ گورننس کی عکاسی کرتا ہے لہذا خصوصی توجہ دی جائے۔