Friday, April 26, 2024

وزیراعظم کی زیرصدارت پارٹی اجلاس ، ارکان گلے شکوے کرتے رہے

وزیراعظم کی زیرصدارت پارٹی اجلاس ، ارکان گلے شکوے کرتے رہے
May 8, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی اجلاس ہوا جس میں ارکان گلے شکوے کرتے رہے۔ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے ارکان کی شرکت ہوئی۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری، سابق وزراء اسد عمر اور عامر کیانی نہ آئے۔ بعض وزراء کے دیر سے آنے پر وزیراعظم نے اظہار برہمی کیا۔ ذرائع کے مطابق دوران اجلاس ارکان اسمبلی غیر منتخب لوگوں کی کابینہ میں شمولیت پر پھٹ پڑے۔ موقف اپنایا کہ پیراشوٹرز کی کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ نامناسب ہے۔ حکومتی پالیسیوں میں عوام کے نمائندوں کا کوئی کردار نظر نہیں آرہا۔ پارلیمنٹ میں اہل لوگ موجود ہیں، غیر منتخب لوگوں کو مسلط کرنا ناقابل قبول قرار دے دیا۔ وزیراعظم نے ارکان پارلیمان کو جواب دیا کہ ملکی معیشت کو ٹھیک کرنا ہے۔ اپنے فیصلوں کی ذمہ داری لیتا ہوں۔ آپکے تحفظات اپنی جگہ ٹھیک ہیں لیکن کچھ سخت فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ وزیراعظم نے ارکان سے کہا کہ وہ نئے بلدیاتی نظام کی حمایت کریں۔ اس نظام سے ملک کی تقدیر بدلے گی۔ اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان صحافیوں کے سوالوں کا مسکرا کر جواب دیتے رہے۔ ایک سوال پر کہ وزیراعظم صاحب حکومت کرنا مشکل ہے یا اپوزیشن جس پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کرنا بہت آسان ہے۔ وزیراعظم نے ارکان کو اجلاس ختم ہوتے ہی حلقوں میں جانے اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر رمضان پیکج پر عملدرآمد کرانے کی ہدایت کر دی۔