Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ، 13 نکاتی ایجنڈا زیرغور

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ، 13 نکاتی ایجنڈا زیرغور
August 18, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈے زیرغور آئے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں پٹرول بحران پر قائم انکوائری کمیشن میں 2 نئے ممبران شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ کمیشن پٹرول بحران سے متعلق تحقیقات کرے گا۔ کمیشن پٹرول بحران کے مرتکب افراد کی نشاندہی اور سزائیں تجویز کرے گا۔ کابینہ اجلاس میں انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت اختیارات کی منتقلی کا معاملہ موخر کر دیا گیا۔ پی ٹی ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز ارکان اور چیئرمین کی نامزدگی کی منظوری دیدی گئی ہے۔ اجلاس میں مقامی طور پر تیار ہونے والے سرجیکل، این 95 ماسک برآمد کرنے، پی ٹی وی ملازمین پر لازمی سروس ایکٹ لاگو کرنے، این آئی ایف ٹی کے ملازمین پر لازمی سروس ایکٹ کے نفاذ میں توسیع اور پیئرانویسٹمنٹ کے ایم ڈی کی مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ کابینہ ممبران نے عمران خان کی آمد پر ڈیسک بجا کر استقبال کیا۔ وزیراعظم کو حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی۔ کابینہ اجلاس میں حکومت کی نمایاں کامیابیوں کا ذکر کیا گیا۔ معاشی اور سفارتی کامیابیوں پر کابینہ میں تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 24 سالہ جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی۔ معاشرے کے کمزور طبقے کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ ہماری جدوجہد کا محور ہر کمزور پاکستانی ہے۔ کمزور طبقے کیلئے سوچنا اصل ایمان ہے۔ مدینے کی فلاحی ریاست کے تصور کو عمل شکل دینا چاہتا ہوں۔